سڑکیں اور پل بنانے سے ملک و قوم ترقی نہیں کرتے: عمران خان

http://mouj.pk/product/heamo-tablet/


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اشتہارات میں سڑکیں بنانے سے کوئی قوم نہیں بنتی۔

پشاور میں خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سب سے بڑی غلامی ذہنی غلامی ہے جبکہ آزاد ذہن بڑے بڑے کام کرتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پورے پاکستان میں خیبر پختونخوا کے تعلیمی نتائج بہترین ہیں اور خیبر پختونخوا میں جو کچھ حاصل کیا وہ کسی صوبے نے نہیں کیا۔ ملک کے تعلیمی نظام پر پورا زور لگانا ہے۔ ہری پور میں بھی بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پولیس کا بہترین نظام ہے۔ صوبے میں 5 ہزار پولیس والوں کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نکالا گیا کیونکہ ادارے وہاں مضبوط ہوتے ہیں جہاں میرٹ ہوتی ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ شریف برادارن 19 سال سے پنجاب میں حکومت کر رہے ہیں لیکن وہاں کی پولیس پر عوام کو اعتماد نہیں ہے۔ قصور میں جو ہوا لوگوں نے پولیس اور حکمرانوں کی بجائے آرمی چیف اور چیف جسٹس سے مدد مانگی۔

عمران خان نے کہا کہ سسٹم کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ بیورو کریسی کام نہیں کرتی لیکن اگر اسے متحرک کردیں تو یہی بیوروکریسی وہ کام کر سکتی ہے جو نجی ادارے نہیں کر سکتے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ گدھے پر لکیریں ڈالنے سے وہ گھوڑا نہیں بنتا اور نہ ہی اشتہارات پر سڑکیں بنانے سے ملک اور قوم بنتی ہے۔ عوام کو روزگار فراہم کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ بے روزگاری کی وجہ سے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد دیار غیر میں مقیم ہے۔