سویڈن میں دنیا کی پہلی برقی سڑک تیار – .

http://mouj.pk/product/heamo-tablet/

سویڈن نے توانائی کے بحران سے نکلنے کے لیے دنیا کی پہلی برقی سڑک بنانے کا فیصلہ کیا۔ فوٹو : فائل

اسٹاک ہوم: سویڈن میں ماہرین نے دنیا کی پہلی ’الیکٹرک سڑک‘ تیار کر لی ہے جس میں صرف ایک کیبل کی مدد سے عام گاڑی کو الیکٹرک کار میں تبدیل کیا جا سکے گا جب کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی بیٹریوں کو بھی چارج کیا جاسکے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں دو کلو میٹر طویل الیکٹرک سڑک کو آزمائشی بنیادوں پر کھول دیا گیا ہے۔ الیکٹرک سڑک ائیرپورٹ کے قریب بنائی گئی ہے۔ سڑک پر گاڑی چلانے کے لیے اسے الیکٹرک کیبل سے منسلک کیا جاتا ہے جب کہ کیبل کا دوسرا سرا سڑک پر لگے الیکٹرک سسٹم سے جوڑ دیا جاتا ہے جس کے بعد ایک عام گاڑی مکمل طور پر الیکٹرک کار میں تبدیل ہوجاتی ہے۔

سویڈن میں 2030ء تک فیول سے نجات حاصل کرنے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں تیل کے استعمال میں 70 فیصد تک کمی لانے کے لیے توانائی کے دیگر ذرائع پر کام کیا جا رہا ہے ۔ منصوبے کے تحت الیکٹرک سڑک کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا جو سڑک پر گزرنے والی گاڑیوں کی بیٹریوں کو چارج بھی کر سکے گی اور گاڑیوں کی روانی کے لیے تیل کے بجائے برقی توانائی کو استعمال کیا جائے گا۔

electric road

ماہرین آئندہ چند سال کے دوران یہ منصوبہ دیگر شہروں تک پھیلانا چاہتے ہیں جس کے لیے سویڈن حکومت نے عظیم الشان قومی منصوبہ تیار کرلیا ہے جس کا کامیاب تجربہ اسٹاک ہوم میں کیا گیا۔ سویڈن حکومت اس منصوبے کی کامیابی سے تیل کے بحران پر متبادل ذرائع کے ذریعے سے  قابو پانے کے لیے پُر امید ہے۔

electric road2

عظیم الشان منصوبے پر کام کرنے والے افسر کا کہنا ہے کہ اگر قومی شاہراؤں کو 20 ہزار کلو میٹر تک برقی سڑک میں تبدیل کرلیا گیا تو ہم توانائی کے بحران سے نکل پائیں گے کیوں کہ سویڈن میں ایک ہائی وے سے دوسرے ہائی وے کے درمیان فاصلہ 45 کلومیٹر ہے اور یہ فاصلہ الیکٹرک کار بغیر چارج ہوئے بھی طے کر سکتی ہے۔